نئی دلی //پاکستان کی طرف سے گلگت بلتستان کو نئی صوبوں کا درجہ دینے کے پاکستانی اعلان کے بعد بھارت نے ایک مرتبہ پھر سے پاکستانی زیر انتظام کشمیر پر اپنے دعوے کو دہرایا ۔ بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بدھ کو لوک سبھا میں بتایا کہ یہ سوچنا غلط ہوگا کہ بھارت اپنے کسی حصے کو جانے دیگا۔بی جے ڈی لیڈر برتھرا مہتاب نے حکومت سے پوچھا تھا کہ کیا بھارتی حکومت کبھی گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنانے کے پاکستانی منصوبے پر بات کریگی۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا تھا ’’ ہماری حکومت کا کیا جواب ہے؟مہتاب کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کے اس اقدام کی مخالت کی ہے اورکرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خیال کرنا بھی غلط ہے کہ بھارتی حکومت اپنے کسی حصے کو جانے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے ایک قرار داد پاس کی ہے جس میں بھارت نے پاکستانی زیر انتظام گلگت اور بلتستان پر اپنا دعویٰ جتایا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے نعرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’’ بی جے پی کے بانی شاما پرشاد مکھرجی نے اسی پر اپنی جان گنوائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پارلیمنٹ میں پاس کی گئی قرارداد پرقائم ہیں اور یہی ہمارا موقف بھی ہے۔