جموں//گلوکل یونیورسٹی سہارنپور نے جموں وکشمیرکے مائیگرنٹ طلباء کو اعلیٰ تعلیم کیلئے خصوصی پیکیج کے تحت رعایت دینے کااعلان کیاہے۔ اس سلسلے میں ریاستی مائیگرنٹ طلباء کیلئے خصوصی پیکیج کااعلان کرتے ہوئے پروفیسربی۔ایل رینہ وائس چانسلر گلوکل یونیورسٹی سہارنپورنے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے جموں سے تعلق رکھنے والے طلباء اورمائیگرنٹ طلباء کویونیورسٹی کی طرف سے اعلیٰ تعلیم کے کورسزکیلئے رعایت کافائدہ اٹھانے کیلئے آگے آنے پرزوردیا۔ انہوں نے کہاکہ گلوکل یونیورسٹی یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے تحت چلنے والی یونیورسٹی ہے جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ عملہ تعینات کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی دہرہ دون سے تھوڑے ہی فاصلے پرواقع ہے اورجموں کشمیرسے تعلق رکھنے والے طلباء کوجموں سے براہ راست دہرہ دون کیلئے فلائٹس مل سکتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ کشمیری طلباء کیلئے ایم بی بی ایس ، بی اے ایم ایس ، بی یو ایم ایس ، اے این ایم، جی این ایم، بی ایس سی نرسنگ ،سائیکوتھراپی ، پیرامیڈیکل کورسز، سائنس اینڈٹیکنالوجی ، بزنس اینڈکامرس ، لاء ،اگریکلچرل سائنس، ماس کمیونی کیشن ودیگرکورسزشامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیکل کورسزکے طلباء کویہ سہولت ہوگی کہ وہ یہیں پریکٹیکل کرسکیں گے اوراس کے علاوہ ان کاعلاج مفت ہوگا۔انہوں نے جموں وکشمیرکے مائیگرنٹ طلباء کے والدین سے اپیل کی کہ وہ یونیورسٹی کی پیش کش سے فائدہ اٹھائیں۔