ترال // ریاست میں گورنر راج کے نفاذ کے پہلے روز پانپور میں جنگجوئوں نے گھات لگا کر پولیس پارٹی پر حملہ کیا جس کے دوران ایک اہلکارجاں بحق جبکہ دو مضروب ہوئے۔پولیس کے مطابق شام دیر گئے قریب ساڑھے 8بجے گالندر پل بائی پاس پانپور میں آئی آر پی 17بٹالین کی ایک ٹرپ کیرئر گاڑی اننت ناگ کی طرف جارہی تھی تو اس دوران گھات لگا کر بیٹھے جنگجوئوں نے گاڑی کو نشانہ بنانے کی غرض سے اس پر شدید فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا۔گولیوں کے تبادلے میں 3پولیس اہلکار مضروب ہوئے جنہیں پہلے پانپور اسپتال پہنچایا گیا اور بعد میں سرینگر منتقل کردیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ ان میں سے کانسٹیبل تنویر احمد زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا جبکہ کانسٹیبل مدثر احمد اور سلیکشن گریڈ کانسٹیبل محمد ایوب زخمی ہوئے۔ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک جاری تھا جسے روک دیا گیا اور جنگجوئوں کیخلاف آپریشن شروع کیا گیا۔گالندر اور اسکے آس پاس بستیوں کی تلاشی لی گئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔