سرینگر/پولیس نے منگل کو دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے گلمرگ گنڈولہ میں پیش آئے چوری کے کیس کو حل کرتے ہوئے اس میں ملوث پانچ افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی ہیں۔
ایس ایس پی بارہمولہ عبد القیوم نے گلمرگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد ایک ملزم، بشیر احمد شاہ عرف ایم ایل اے ساکنہ گنڈ دلوچھ کی شناخت کی گئی جس کو بعد میں پوچھ تاچھ کیلئے گرفتار کیا گیا۔
بشیر نے پوچھ تاچھ کے دوران اس چوری میں ملوث اپنے چار ساتھیوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں جنہیں فوری طور گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان میں بشیر کے علاوہ عبد الاحد گنائی ولد عبد الرحمان گنائی ساکنہ ہردہ چیلو،(کیبل کار ملازم)،عبد المجید لون ولد غلام احمد لون ساکنہ چھانپورہ،امتیاز بٹ ولد غلام قادر بٹ ساکنہ ہردہ چیلو اورمنظور احمد شیخ ولد محمد عبد اللہ ساکنہ چونٹی پتھری شامل ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ عبد الاحد گنائی اس پورے معاملے کا سرغنہ ہے اور اسی نے اس چوری کی منصوبہ سازی کی تھی۔
اس نے اس چوری میں شامل افراد کو اہم معلومات فراہم کی تھیں اور یہ بھی طے کیا تھا کہ کس طرح چوری کی واردات کو انجام لایا جاسکے۔
پولیس نے کہا کہ ملزما ن کی تحویل سے چوری کی رقم میں سے39لاکھ روپے بر آمد کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق عبد المجید اور امتیاز احمد چوری کے دوسری کیسوں میں بھی ملوث ہیں۔