بارہمولہ //گلمرگ میں ریاستی و غیر ریاستی سیاحوں میں اُس وقت مایوسی کی لہر پھیل گئی جب محکمہ سیاحت نے گنڈو لہ سروس کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیاہے۔حالیہ حادثہ پیش آنے کے بعد محکمہ سیاحت نے گنڈولہ سروس کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا ۔معلوم ہوا ہے کہ ایسے واقعات سے بچنے کیلئے محکمہ سیاحت نے حکومت کو ایک تجویز پیش کی ہے کہ کیبل سروس کے آس پاس پہلے تمام درختوں کو کاٹا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کا امکان نہ رہے۔اس سلسلے میں گلمرگ گنڈولہ کیبل کار سروس کے منیجنگ ڈائریکٹر ریاض احمد ملک نے بتایا کہ انہوں نے حکومت اور محکمہ جنگلات کو ایک خط روانہ کیا ہے جس میں کیبل کے آس پاس تمام درختوں کو کاٹنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ آئندہ کوئی ایسا حادثہ پیش نہ آئے۔
لواحقین کومعاوضہ اور نوکریاں فراہم کرنے کا مطالبہ
بارہمولہ //فیاض بخاری//ٹنگمرگ میں جمعرات کو ٹریڈرس ایسوسی ایشن گلمرگ ،ٹنگمرگ اور لواحقین نے ایس ڈی ایم آفس ٹنگمرگ کے باہر دھرنا دیا ۔احتجاجی مظاہرین مانگ کررہے تھے کے گنڈولہ حادثہ میںلقمہ اجل بنے افراد کو امداد کے ساتھ ساتھ سرکاری نوکریاں بھی فراہم کی جائیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتہ گنڈولہ حادثہ میں دہلی کے چار سیاحوں سمیت سات افرادہلاک ہوگئے تھے ۔مظاہرین نے بتایا کہ اس حادثہ میں لقمہ اجل بنے مقامی گائڈوں کے لواحقین کو سرکاری نوکریاں فراہم کی جائیں تاکہ اُن کیلئے روزی روٹی کا انتظام ہوجائے ۔