اشفاق سعید+غلام نبی رینہ
سرینگر +کنگن//جمعرات کو حکام نے بتایا کہ گلمرگ سمیت بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی جبکہ وقفے وقفے سے میدانی علاقوں میں بارش ہوئی جس سے جموں اور کشمیر میں پارہ نیچے آگیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جمعرات صبح تک سرینگر میں 28.3 ملی میٹر ، قاضی گنڈ میں 68.0 ملی میٹر، پہلگام میں 43.7 ملی میٹر، کوکرناگ میں 36.8 ملی میٹر، گلمرگ میں 40.4 ملی میٹر (ایک سینٹی میٹر)، جموں میں 0.2 ملی میٹر، بانہال 41.1 ملی میٹر، بٹوٹ 46.8 ملی میٹر، بھدرواہ 20.0 ملی میٹر، کٹرا 1.8 ملی میٹر، اور کٹھوعہ میں 4.0 ملی میٹر بارش پڑی۔محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں “بڑے پیمانے پر ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش/برفباری (بالائی علاقوں میں) اور اگلے دو دنوں کے دوران “بارش میں کمی” کی پیش گوئی کی ہے۔ادھر سیلاب نے لنگیٹ میں مشہور داند کدل کو نقصان پہنچایا۔نالہ پر گزشتہ تین سالوں میں ڈریجنگ کی وجہ سے تباہ ہونے والا دوسرا پل ہے۔حکام کے مطابق “ماور نالہ پر واقع پل کو سیلابی پانی کے زور کی وجہ سے جزوی نقصان پہنچا ہے۔یہ علاقے کے بنیادی ڈھانچے کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، کیونکہ لنگیٹ پل (ڈانڈ کدل) علاقے کے کئی دیہاتوں کو جوڑنے والا ایک اہم لنک تھا۔ادھرسونمرگ اور پہلگام روڈ پر پسیاں گر آئیں۔ ریزن گنڈ کنگن میں جمعرات کی صبح قریب چار بجے ایک نزدیکی پہاڑ سے ایک مرتبہ پھر بھاری برکم مٹی کا توداگرآیا تاہم اس حادثے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔ البتہ سرینگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بند ہوگئی۔ء اطلاع ملتے ہی ایس ڈی آر ایف پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے اور مٹی کے تودہ گرآنے کی صورتحال کا جائزہ لیا اس دوران سونہ مرگ کی طرف سفر کرنے والے گاڈیوں کو زیری پورہ کلن کے راستے جانے کی اجازت دی گئی۔واضح رہے کہ 19فروری کو اسی مقام پر ایک بھاری برکم مٹی کے تودے گرنے سے 7 رہائشی مکان اور9 دکان زمین بوس ہونے کے علاوہ کئی مویشی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔بدھ کے روز، پہلگام کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے ایک سڑک بلاک ہوگئی۔موسلا دھار بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے پہلگام اور چندنواری روڈ کے درمیان سڑک بلاک ہوگئی ۔