سرینگر//سی آپی ایف اہلکاروں نے بدھ کی صبح سرینگر کے مضافات میں گلمرگ شاہراہ پر ایک عام شہری کو گولی مار کر جاں بحق کردیا۔فائرنگ کا یہ واقعہ سرینگر۔گلمرگ شاہراہ پر کاوسا کراسنگ کے نزدیک پیش آیا جو ضلع بڈگام میں پڑتا ہے۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق معراج الدین شاہ ساکن مکہامہ، بیروہ بڈگام اپنی ذاتی گاڑی میں جارہا تھا جب سی آر پی ایف اہلکاروں نے اُسے گولی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق شہری نے ناکہ توڑ کر بھاگنے کی کوشش کی تھی۔
خبر رساں ایجنسی کے این او کے مطابق بڈگام پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی شہری کو صدر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُسے مردہ قرار دیا گیا۔
میڈیکل سپر انٹنڈنٹ صدر اسپتال ، ڈاکٹر نذیر چودھری نے جی این ایس کو بتایا کہ مذکورہ شخص کو مردہ حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تھا۔