سرینگر//بھارت کی پہلی اور سب سے بڑی آن لائن ٹریولر کمیونٹی ۔ ہولڈے آئی کیو نے مقبول عام سیکنگ منزل گلمرگ کو مہم جو سیاحت کے لئے بہترین منزل قرار دیا ہے۔ناظم سیاحت کشمیر نے اس سلسلے میں جمعرات کو تاج محل ہوٹل دلی میں منعقدہ ایک پُر رونق تقریب میں ایوارڈ حاصل کیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جیتندر سنگھ جبکہ ریاست ک کرناٹک کے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت پرینکا ایم کھارگے اس موقعہ پر اعزازی مہمان تھیں۔گلمرگ کو اپنی بے مثال قدرتی حسن کے لئے بہتر مہم جو سیاحتی منزل قرار دیا گیا جو موسم سرما کے دوران برف سے ڈھکا رہتا ہے۔دنیا بھر سے مہم جو سیاحت کے شائقین گلمرگ سیکنگ ، سنو بوڈنگ ا ور آئیس سکیٹنگ کے لئے آتے ہیں۔اس سیاحتی منزل کے عالمی معیار کے سبب ہولڈے آئی کیو نے 12 ملین سیاحوں کی ریٹنگ کی بنیاد پر گلمرگ کو بہترین سرمائی سیاحتی منزل قرار دیا گیا۔اس موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر نے کہا کہ گلمرگ کشمیر کے لئے منفرد حیثیت رکھتا ہے اوریہ سیاحتی منزل دنیا بھر کے لاکھوں سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت روڑ شوز اور ٹریول مارٹس کا انعقاد کر کے سیاحوں کو کشمیر کی سیاحت کے لئے راغب کرنے کے لئے ایک جامع تشہیری مہم چلارہا ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر سیاحتی مقامات میں امرتسر بھی شامل ہے جس کو مقبول پلگرم سیاحتی منزل قرار دیا گیا جبکہ کونارک، اڑیسہ کو بہترین ہیرٹیج منزل ، کریلا کو بہترین واٹر فرنٹ منزل ، مہندرا اینڈ مہندرا کو مقبول ریزاٹ ، وشاکا پٹم آندھرا پردیش کا مقبول شہر ، کرناٹک بیچ کو مقبول بیچ ڈسٹینیشن قرار دیا۔اس موقعہ پر ہولڈے آئی کیو ڈاٹ کام کے بانی اور سی ای او ہری نائیر اور منیجنگ ڈائریکٹر فیسک انڈیا ، امنگ بیدی بھی موجود تھے۔