سرینگر // فوج نے شمالی کشمیر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے ہونے والی دراندازی کی دو بڑی کوششوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا۔ نوگام سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے کچھ مشتبہ نقل وحرکت دیکھی۔ تاہم جب دراندازوں کو للکارا گیا تو انہوں نے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں واپس داخل ہوتے ہوئے فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی۔ تاہم گولیوں کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ فوج نے اسی طرح گلمرگ سیکٹر میں بھی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی ہے۔ تاہم وہاں بھی گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد جنگجو واپس پاکستان کے زیر قبضہ والے کشمیر میں داخل ہوگئے ہیں۔ فوجی افسران کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں جنگجوؤں کی ایک بڑی تعداد سرحد کے اس پار دراندازی کرنے کی طاق میں بیٹھی ہے۔ تاہم ان افسران کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر شدید برف باری کے بعد دراندازی کی کوششوں میں کمی ریکارڈ کی جاتی ہے۔