پلیٹ لگنے سے 6نوجوان مضروب،علاقے میں مکمل ہڑتال، انٹرنیٹ سروس معطل
ترال(گلشن پورہ)//ترال کے گلشن پورہ علاقے میں فورسز اور جنگجوئوںکے درمیان مسلح تصادم میں3مقامی جنگجو جاں بحق ہوئے۔جن میں 2کا تعلق حزب اور ایک کا تعلق جیش محمد عسکری تنظیم سے بتایا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 4فوجی اہلکارزخمی ہوئے۔ادھر علاقے میںجھڑپ شروع ہونے کے ساتھ ہی گلشن پورہ کی طرف جارہی فورسز اہلکاروں کی ایک پارٹی پر نوجوانوں نے بس اسٹینڈ کے نزدیک شدید پتھراو کیا، جس کے نتیجے میں فورسز نے زبردست ہوائی فائرنگ اور پلیٹ گن کا استعمال کیا۔ جس سے 6نوجوان پلیٹ لگنے سے زخمی ہوئے۔ادھر جنگجوئوںکی ہلاکت کی خبر پھیلنے کے ساتھ ہی ترال میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہی جبکہ اس دوران انتظامیہ نے علاقے میںافواہ بازی پر روک لگانے کے لئے انٹرنیٹ سروس معطل کی۔جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال سے8کلومیڑدورگلشن پورہ ترال کے گور بل جنگلات کو فوج کے42RRسی آر پی ایف ایس او جی نے محاصرے میںلیا۔اسی اثنا ء یہاں موجود جنگجوئوں نے فوج پارٹی پر شدید فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی ہے ۔جس کے نتیجے ابتدائی طور 4فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میںایک اہلکار کو شدید زخمی حالت میں سرینگر کے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا،جبکہ جنگجوئوں نے خود فرار ہونے کی کوشش کی تاہم تلاشی پارٹی میں شامل دیگر اہلکاروں نے پوزیشن سنبھال کر جوابی فائرنگ کی ۔تصادم کی شروعات میں ہی 2جنگجو جاں بحق ہوئے جبکہ ایک جنگجو نزدیکی جنگل میں چھپ گیا۔ذرائع نے بتایا کہ فورسز اہلکاروں نے تلاشی کارروائیوںکا سلسلہ جاری رکھا جس کے نتیجے میں تیسرے جنگجوئوں کا فورسز کے ساتھ آمنا سامنا ہوااوعبعد میں تیسرا جنگجوبعد دوپہر جاں بحق ہوا ۔
تقریباً سات گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں حزب المجاہدین سے وابستہ 3مقامی جنگجوجاں بحق ہوئے ۔اس دوران فورسز نے علاقے میں ایک کمین گاہ کو بھی تباہ کیا ۔پولیس نے بعد میں جھڑپ کی جگہ سے 3مقامی جنگجوئوں کی نعشیں برآمد کی ہیں ۔پولیس نے جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت شکور احمد پرے عرف جعفر ولد غلام نبی پرے ساکنہ لر بل ترال، توصیف احمد ٹھوکر عرب ابو طلحہ ولد غلام محی الدین ، زبیر احمد بٹ عرف ابو ہریرہ ولد بشیر احمد بٹ ساکنان چرسو پورہ اونتی پورہ کے طورکیہے۔جن میں توصیف اعلیٰ تعلیم یافتہ تھا جس نے ریاضی کے مضمون میں ایم ایس اسی کرنے کے علاوہ بی ایڈ کیا تھا۔ پولیس نے بتایاتینوں جنگجو فورسز کو انتہائی مطلوب تھے ۔ادھر ذرائع نے شام دیر گئے بتایاشدید زخمی اہلکاروں کو ابتدائی علاج معالجے کے لئے فوجی اسپتال بادمی باغ پہنچایا گیا جہاں سے اس کو نازک حالت میںبزریعہ ہیلی کاپٹرادھم پورہ لے جا یا گیا ہے ۔ادھر علاقے میں فوج اور جنگجوئوں کے درمیان گولیوں کے ابتدائی تبادلے کے ساتھ ہی علاقے کو سیل کرنے کی غرض سے مزید کمک کو جھڑپ کی جگہ طلب کیا گیا،جس کو نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے بس اسٹینڈ ترال میں علاقے کی طرف جانے سے روکنے کی غرض سے شدید پتھراو کیا۔اس دوران اہلکاروں نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسوں گیس ،چھروںکا استعمال کرنے کے علاوہ زبردست ہوا ئی فائرنگ کرکے نوجوانوں کو منتشر کیا۔جس کے نتیجے میں درجنوں نوجوانوں کو چوٹیں آئیں جبکہ 6نوجوان پلیٹ لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئیں ۔ جہاں سبھی زخمیوںکی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ادھر فائرنگ کی وجہ سے پورے قصبے میں زبردست خوف دہشت کا ماحول پیدا ہوا۔دریں اثنا جھڑپ کے بعد جب آپریشن میں شامل شام کے وقت واپس ترال کی طرف آ رہے تھے تو مشتعل نوجوانوں نے بٹہ گنڈ اور گلشن پورہ کے مقامات پر فورسز کی ٹکڑیوں پر شدید سنگ باری کی۔اس دوران فورسز اہلکاروں نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولوں اور چھروں کا استعمال کیا ۔ پولیس نے مہلوک جنگجوئوں کی نعشوں کو ترال پہنچا کر قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کئے ۔تاہم رات دیر گئے تک کسی کو بھی سپرد خاک نہیں کیا گیا۔
اس دوران علاقے کے اطراف و اکناف سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جاں بحق نوجوانوں کے گھر پہنچ گئی۔ادھر جھڑپ کے ساتھ ہی مکمل ہڑتال کی وجہ سے ترال اور آری پل میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات کی زندگی بری طرح متاثر رہی ۔جس دوران دونوں تحاصیل میں تمام طرح کے کار باری ادارے سرکاری و نجی دفاتر مکمل بند رہے ۔ادھر انتظامیہ نے جھڑپ کے ساتھ ہی افواہ بازی اور امن وقانوں کی صورت حال برقرار رکھنے کے لئے پولیس ضلع اونتی پورہ کے تحت آنے والے علاقوں میںانٹرنیٹ سروس کو معطل کر دیا ۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں پر ممکنہ بارودی مواد موجود ہونے کے باعث خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔لوگوں سے گذارش کی جاتی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کریں اور جب تک جھڑپ کی جگہ کو صاف کرکے محفوظ قرار نہ دیا جائے تب تک تصادم کی جگہ جانے سے اجتناب کیا جائے۔