بلال فرقانی
سرینگر//شہر کے مضافاتی علاقے گلشن نگر میں واقع احمدس اسپتال لین میں ناقص نکاس آب کے نتیجے میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کا عبور و مرور مشکل ہوگیا ہے اور انہیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہیں۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ پچھلے پانچ برسوں سے وہ یہ مانگ کررہے ہیں کہ ناقص ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کیا جائے مگر متعلقہ حکام نے انکی فریاد کو سرد خانے کی نذر کردیا۔انہوں نے کہا کہ ڈرینج ناکارہ ہونے کے نتیجے میں نہ صرف بارش کا پانی جمع ہوتا ہے بلکہ ڈرینج کا گندہ پانی اور فضلہ بھی سڑک پر جمع ہوتا ہے جس کے نتیجے میں نقل و حمل مسدود ہوتی ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ خستہ حال ڈرینج کے نتیجے میں پوری آبادی عفونت سے بیمار ہوگئی ہے جبکہ بیماروں اور بزرگوں کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی بار ضلع انتظامیہ سرینگر کو اس حوالے سے آگاہ کرنے کے باوجود بھی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔انہوںنے کہا کہ حال ہی میں مکینوں نے سپرانٹنڈنگ انجینئر ڈرینج سرکل سرینگر میونسپل کارپوریشن سے اپنی مشکلات کے حوالے سے رجوع کیا تھا اور مذکورہ لین میں تباہ شدہ نکاس آب نظام کو فوری طور پر ٹھیک کرنے کیلئے فریاد کی اور اس سلسلے میں حکام نے ترجیجی بنیادوں پر قدم بھی اٹھایا تاہم بعد میں معاملے کو سرد خانے کی نذر کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکام فرضی شکایات کی تحقیقات کرنے میں بھی ناکام ہوئے اور لوگوں کے مشکلات کا ازالہ نہیں کیا۔مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کی بے بنیاد شکایت کو خارج کرکے عوامی مفادات میں کام کیا جائے،تاکہ انصاف کا بول بالا ہو۔مقامی لوگوں نے لیفٹننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس ڈرینج سسٹم کے بارے میں ذاتی مداخلت کرکے مقامی لوگوں کی جائز مانگ کو پورا کرے۔