عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر میں گزشتہ چار مالیاتی برسوں میں 18,000 کروڑ روپے سے زیادہ کا جی ایس ٹی جمع کیا گیا ۔مقامی نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق 2020 سے اب تک جموں و کشمیر میں جی ایس ٹی کے طور پر 18,590 کروڑ روپے جمع کئے گئے۔پچھلے سال حکومت نے جی ایس ٹی کے طور پر 5004 کروڑ روپے جمع کئے تھے، جبکہ 2022 میں جموں و کشمیر میں 5246 کروڑ روپے جی ایس ٹی جمع کیا گیا تھا۔ 2021 اور 2020 میں حکومت نے بالترتیب 4694 اور 3648 کروڑ روپے جی ایس ٹی کے طور پر جمع کیے تھے۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر میں اقتصادی سرگرمیوں میں مضبوط ریکوری جی ایس ٹی کی وصولی میں اضافے کی بنیادی وجہ رہی ہے۔جموں و کشمیر نے دسمبر 2022 کے مقابلے میں گزشتہ سال دسمبر میں جی ایس ٹی کی وصولی میں 20 فیصد اضافہ درج کیا۔ دسمبر 2022 میں 410 کروڑ روپے کے مقابلے میں دسمبر 2023 میں جی ایس ٹی کے طور پر 492 کروڑ روپے جمع ہوئے۔اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ چار مالی برسوں میں سینٹرل ٹیکس فارمیشنز کے ذریعے تقریباً 285 جی ایس ٹی چوری کے مقدمات درج کیے گئے جن میں 2020-21 کے دوران 14، 2021-22 کے دوران 89، 2022-23 کے دوران 78 اور 2023-24 کے دوران دسمبر 2023 تک 104 مقدمات درج کئے گئے۔