گزشتہ 10برسوں سے مودی حکومت نے شاندار کام کئے بھاجپا ملکی معاشی حالت کو بہتر کرنے کیلئے لگن سے کام کرئے گی :ترون چگ

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں //بھاجپا کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگ کی قیادت میں منعقدہ پارٹی اجلاس کے دوران موصوف نے کہاکہ گزشتہ دس برسوں سے مودی حکومت نے شاندار تعمیراتی کام کئے ہیں جبکہ پارٹی آئندہ بھی ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے کام کرتی رہے گی ۔اس اجلاس کے دوران بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر پربھاری ترون چْگ کیساتھ ساتھ جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ، جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول، رکن لوک سبھا جوگل کشور شرما، ایم پی راجیہ سبھا ای آر غلام علی کھٹانہ سابق ڈی آئی اے سی ایم کویندر گپتا اور سابق ایم پی (راجیہ سبھا) شمشیر سنگھ منہاس نے پارٹی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں کئی میٹنگوں سے خطاب کیا۔ترون چْگ نے ان میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے پچھلے 10 سالوں کے دوران مخصوص برادریوں کے لئے مودی حکومت کے بے مثال کاموں پر بات کی اور مزید کہا کہ حکومتوں کے اچھے کاموں کو اگلے 5برسوں کے دوران بھی جاری رکھے گی ۔چگ نے منتخب نمائندوں اور پارٹی کے دیگر لیڈروں سے کہا کہ وہ مودی حکومت کی کامیابیوں کو عوام تک لے جائیں کیونکہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو سال بھر متحرک رہتی ہے۔ بی جے پی کے کارکن ملک اور اس کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے بے لوث کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج کی فلاح و بہبود کے لئے بی جے پی کارکنوں کے اچھے کاموں کی وجہ سے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو ووٹروں کی زبردست حمایت حاصل ہوئی ہے اور پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ عوام میں اپنا کام جاری رکھیں۔رویندر رینہ نے اپنے خطاب میں مسلسل تیسری بار پارلیمنٹ کی دونوں نشستیں جیتنے میں پارٹی کے تمام قائدین کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ زمینی سطح کے کارکن پارٹی کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، جو پارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے دن رات کام کرتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کی سینئر قیادت کو یقین دلایا کہ پارٹی کیڈر جموں و کشمیر میں اگلے انتخابات میں بہترین نتائج لانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا اور ساتھ ہی ساتھ پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں، علاقوں اور برادریوں میں کام کرنے کیلئے کام کریں۔