عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں کشمیر اسمبلی میں نئی میڈیا پالیسی اور گریٹر کشمیر کیمو نکیشن سمیت چند اخبارات کو پچھلے کئی سالوں سے سرکاری اشتہارات سے محروم رکھنے کا معاملہ اراکین کی جانب سے اٹھایا گیا۔جڈی بل سے نیشنل کانفرنس ایم ایل اے تنویر صادق نے منگل کو میڈیا کو دبانے کے طریقوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ گریٹر کشمیر سمیت تین ممتاز اور بڑے پیمانے پر پڑھے جانے والے اخبارات پچھلے کچھ سالوں سے اشتہارات سے محروم ہیں۔معروف اخبارات میں اشتہارات کی تقسیم میں سابقہ حکومت کی طرف سے اختیار کیے گئے معیار پر سوال اٹھاتے ہوئے، صادق نے کہا، “گریٹر کشمیر، کشمیر ریڈر اور کشمیر ٹائمز – تین بڑے پیمانے پر پڑھے جانے والے اخبارات کو پچھلے کچھ سالوں کے دوران صفر اشتہار فراہم کئے گئے ہیں۔”وہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے زیرانتظام محکموں کے لیے گرانٹ کے مطالبے میں حصہ لے رہے تھے۔صادق نے کہا کہ یہ وہ اخبارات ہیں جو لوگوں کی آواز بنتے ہیں، میں سوچتا ہوں کہ اخبارات کو اشتہار دینے کا معیار کیا ہے؟۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ اخبارات کو اشتہارات جاری کرنے کے معیار کو معقول بنائیں۔ایم ایل اے ٹنگمرگ فاروق احمد شاہ نے بھی اخبارات میں اشتہارات تقسیم کرنے کے معیار کو معقول بنانے کا مطالبہ کیا۔ادھرجموں و کشمیر حکومت نے منگل کو کہا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، نیوز ویب پورٹلز اور ویب سائٹس کو شامل کرنے کے لیے ایک نئی میڈیا پالیسی بنانے کے عمل میں ہے۔ایم ایل اے پلوامہ وحید الرحمان پرہ کی کٹ موشن کے جواب میں حکومت نے کہا کہ “نئی میڈیا پالیسی کی تشکیل کا مقصد میڈیا کے ابھرتے ہوئے منظر نامے سے ہم آہنگ ہونا اور ڈائریکٹوریٹ آف ایڈورٹائزنگ اینڈ ویژول پبلسٹی (DAVP)، حکومت ہند کے مقرر کردہ معیارات پر عمل کرنا ہے۔”حکومت نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سری نگر میں پریس کلب اس کے ارکان کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے خالی کرایا گیا تھا۔حکومت نے کہا” سری نگر پریس کلب سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے فراہم کردہ عمارت سے کام کر رہا تھا، تاہم، اس کے اراکین کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے، عمارت کو خالی کر دیا گیا اور اب اس پر جموں و کشمیر پولیس نے عارضی طور پر قبضہ کر لیا ہے،” ۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کشمیر پریس کلب کی رجسٹریشن کو محکمہ صنعت و تجارت نے CID سے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے روک دیا ہے۔تاہم، اس میں مزید کہا گیا ہے کہ پریس کلب آف کشمیر کے نام سے ایک اور کلب کو صنعت و تجارت کے محکمے نے رجسٹر کیا ہے۔