سرینگر//سی آر پی ایف اہلکاروں نے بدھ کی رات دریش کدل چوک (متصل صفا کدل) میں گریٹر کشمیر کیمو نی کیشن سے وابستہ عملے کے دو اراکین کو گاڑی سے اتار کر شدید مارپیٹ کی جس کے نتیجے میں دونوں کو چوٹیں آئیں۔گریٹر کشمیر کیمونی کیشن کی سٹاف گاڑی کو لیکر ڈرائیور بلال احمد اپنے ساتھ پیسٹر فاروق احمد کو صفا کدل لیجا رہا تھا تو دریش کدل چوک میں سی آر پی ایف کی ایک پیدل پٹرولنگ پارٹی کاکہ سرائے کی طرف جارہی تھی ، جس نے گاڑی کو روکا اور دونوں کو گاڑی سے نیچے اترنے کیلئے کہا۔سٹاف ممبران کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے اور جونہی انہیں نے کہا کہ گریٹر کشمیر سے ہیں تو اسکے بعد موقعہ پر موجود آفیسر، جو عام کپڑوں میں ملبوس تھا، نے اپنے ماتحت جوانوں کو حکم دیا کہ دونوں کی پٹائی کی جائے، جس کے بعد قریب پندرہ منٹ تک انکی شدید مارپیٹ کی گئی اور جب تک انکا جسم پر نیلے دھبے نہیں پڑے، ڈنڈوں سے انہیں مارا پیٹا گیا۔انکے موبائل فون بھی توڑ دئے گئے اور اس دھمکی کیساتھ جانے دیا گیا کہ اخبار میں یہ بات نہیں آنی چاہیے۔اس سلسلے میں پولیس سٹیشن کرن نگر کیساتھ معاملہ اٹھایا گیا ہے۔