زاہد بشیر
گول//گول میں معروف نجی تعلیمی ادارہ گرین ویلی پبلک سکول گول نے اپنا 14وا ں یوم تاسیس منایا ۔ اس موقعہ پر بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے ۔ پروگرام کی شروعات تلاوت کلام اللہ سے ہوئی اور بچوں نے مختلف موضوعات پر بھی تقایر کیں ۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کی تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں ۔ ماسٹر امتیاز احمد نے اس موقعہ پر ایک پُر مغز تقریر میں کہاکہ یہ گاڑیاں ، بنگلے بنتے رہیں گے لیکن اگر بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرایا تو یاد رکھنا ہمارا مستقبل تاریک ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ ہمارا ضلع رام بن تعلیم کے لحاظ سے بہت ہی زیادہ پیچھے ہے ۔اگر چہ غربت کی وجہ سے بھی ہمارا ضلع کافی پچھڑا ہوا ہے لیکن تعلیم کے لحاظ سے بھی ہم کافی پیچھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مکان بنانے سے یا گاڑیاں خریدنا کوئی دولت نہیں بلکہ والدین کے لئے بچوں کا مستقبل سب سے بڑی دولت ہوتی ہے اور ہم ایک اچھے سماج کے حصہ دار تب بنیں گے جب ہم تعلیم و تربیت کے میدان میں آگے ہوں گے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت والدین بچوں کی تعلیم پر کافی کم توجہ دیتے ہیں جو آنے والے وقت کے لئے کافی مایوس کن ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج اکیسویں صدی میں جی رہے ہیں ، اس وقت مقابلہ کا زمانہ ہے ، ہمارے بچوں کو آج دلی کے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے اور اگر ہم بچوں کو تعلیم نہیں دیں گے تو ہم مقابلہ کیسے جیت پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارےعلاقے میں کے اے ایس آفیسر ، آئی اے ایس آفیسر ہونا چاہئے ، ڈاکٹر ہونا چاہئے ، انجینئر ہونا چاہئے لیکن یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم اپنے بچوں کو بہتر تعلیم دیں گے جس کے لئے والدین کی سب سے بڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں ۔سکول کے چیئر مین حفیظ الرحمان نے اپنی تقریر میں اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج اکیسویں صدی کے دور میں بھی ہم وہ کچھ نہیں کر پا رہے ہیں جو ہمیں کرنا چاہئے تھا ۔ ہم پیسہ کماتے ہیں ، ہم دولت بناتے ہیں لیکن ہمارے بچے تعلیم و تربیت سے کوسوں دور ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ آج بھی ہمیں سکول میں اساتذہ باہر سے لانے پڑتے ہیں یہ کسی افسوس سے کم نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں فیس جمع کرنا یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے والدین بچوں کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہے ہیں ۔ صبح سکول کو چھوڑے اور شام کو گھر واپس آئے یہ ایک مشق لگی رہتی ہے انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کی تعلیم و تربیت پر کافی لا پروائی کرتے ہیں کو بچوں کے مستقبل کے لئے کافی مایوس کن ثابت ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے والدین سے پُر زور اپیل کی کہ وہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر زیادہ سے زیادہ دھیان دیں بچوں کی خیر خبر لینے کے لئے بچوں کی بہتر تعلیم کے لئے سکول انتظامیہ سے زیادہ سے زیادہ قریبی تال میل بنائے رکھنا اور ہر میٹنگ میں والدین کا آنا اشد ضروری ہے تا کہ وہ اپنے خیالات اساتذہ کے ساتھ بانٹ سکیں ۔ اس موقعہ پر میجر ہرویندر شرما مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جبکہ پروگرا م میں فاروق احمد پرنسپل ہایر سیکنڈری سکول گول مہمان ذی وقار ،سمیر احمد ایس ایچ او گول مہمان خاص، باقی مہمانوں میں عبدالرشید بیگ ،نظام الدین زوہد ،نواز احمد وانی ،شہباز مرزا ،محمد سلیم ملک ،ناظم حسین ملک ، فاروق احمد مغل، ضیاء الرحمان ، معصوم الحق ،ماسٹر امتیاز احمد کے علاوہ بچوں کے والدین نے بھی اس پروگرام میں حصہ لیا۔