کیف حسن زیدی
جموں // جموں شہر کے گاندھی نگر گرین بیلٹ پارک علاقہ میں واقع ’’پارک نمبر ‘‘جو محکمہ فلوریکلچر کے زیر انتظام ہے، اس وقت شدید غفلت اور لاپرواہی سےشراب نوش افراد کا گڑھ بنتا جا رہا ہے۔ عوامی فلاح و بہبود اور شہری سکون کے لیے بنائے گئے اس خوبصورت پارک کی حالت اب ابتر ہو چکی ہے۔پارک میں نصب بینچوں کے نیچے درجنوں شراب کی خالی بوتلیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں، جنہیں شراب نوشی کے بعد وہیں پھینک دیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، ٹوٹی ہوئی بوتلوں کے ٹکڑے زمین پر بکھرے پڑے ہیں، جو نہ صرف گندگی کا منظر پیش کرتے ہیں بلکہ پارک میں آنے والے بچوں اور بزرگوں کے لیے خطرناک بھی ہیں۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ شام کے وقت کچھ افراد اس پارک میں بیٹھ کر کھلے عام شراب پیتے ہیں، جس سے شریف شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اہل علاقہ نے کئی مرتبہ انتظامیہ سے شکایت بھی کی، لیکن تاحال کوئی سخت کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔پارک کے داخلی دروازے پر “DEPARTMENT OF FLORICULTURE” کا بورڈ ضرور نصب ہے، لیکن پارک کی حالت اس کی ذمہ داریوں پر سوالیہ نشان بن چکی ہے۔اگر انتظامیہ وقت پر جاگتی نہیں، تو شہری فلاح کے لیے بنائے گئے یہ پارک محض شراب نوشوں کی آماجگاہ بن کر رہ جائیں گے۔ خوبصورتی صرف پودوں اور بینچوں سے نہیں آتی، بلکہ صاف، محفوظ اور باعزت ماحول سے آتی ہے۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر یہاں صفائی کا انتظام کیا جائے، اور پارک میں شراب نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ یہ عوامی جگہ اصل مقصد کے لیے کارآمد بن سکے۔وہیںدوسری جانب یہ پارک سرسبز ماحول اور سکون کے لیے بنایا گیا تھا، وہیں دوسری جانب اب یہ جگہ سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کی آماجگاہ بن گئی ہے۔نشے میں دھت لوگ رات کے وقت یہاں اکٹھے ہو کر نہ صرف شراب نوشی کرتے ہیں بلکہ شور شرابہ اور گالم گلوچ سے ماحول کو بھی خراب کرتے ہیں۔اس پارک میں اکثر صبح اور شام کے وقت بزرگ، خواتین اور بچے سیر کے لیے آتے ہیں۔ لیکن شراب نوشوں کی موجودگی اور ٹوٹی ہوئی بوتلوں کی وجہ سے نہ صرف خطرہ بڑھ گیا ہے بلکہ لوگ اب اس پارک میں آنا بھی کم کر رہے ہیں۔محکمہ فلوریکلچر کا بورڈ اگرچہ گیٹ پر نمایاں ہے، لیکن پارک کی صفائی، نگرانی اور شراب نوشی جیسے مسائل پر کوئی بھی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار شکایت کی، لیکن نہ صفائی ہوئی اور نہ کوئی نگرانی کے لیے اہلکار تعینات کیے گئے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ اس پارک کو عوام کیلئے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔