شوپیان// امام صاحب شوپیان میں پولیس ٹاسک فورس کیمپ پر گرینیڈ داغا گیا جس کے نتیجے میں تین باپ بیٹے سمیت 5شہری زخمی ہوئے۔ ادھر پلوامہ میںجنگجو محاصرہ توڑ کر فرار ہوگئے۔امام صاحب شوپیان میں پولیس ٹاسک فورس کیمپ پر جنگجوئوں نے گرینیڈ پھینکا جو نشانہ چوک پر سڑک پر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں واسو ہالن کے رہنے والے غلام نبی بٹ اور اسکے دو بیٹے طارق احمد اور محمد رفیق کے علاوہ اشفاق رشید زخمی ہوئے۔دریں اثناء پولیس کا کہنا ہے انہیں ہکڑی پورہ پنگلنہ پلوامہ میں بدھ کی شام جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس میں غالباً لشکر چیف ابو دجانہ بھی شامل تھا۔چنانچہ پولیس اور فوج نے گائوں کا محاصرہ کیا جس کے ساتھ ہی طرفین کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔ پولیس نے بتایا کہ اسی دوران مقامی لوگ گھروں سے باہر آئے اور انہوں نے فورسز پر شدید پتھرائو کیا۔ مظاہرین کو تتر بتر کرنے کے لئے شلنگ کی گئی جس کی وجہ سے جنگجوئوں کو فرار کا راستہ مل گیا اور وہ بھاگ گئے۔رات بھر تلاشی مہم جاری رہی لیکن بدھ علی الصبح ساڑھے پانچ بجے یہ مہم روک دی گئی اور محاصرہ ختم کیا گیا۔دریں اثناء پولیس کے مطابق شام دیر گئے اولڈ برزلہ میں پی ڈی پی ورکر عبدالقیوم کو گھر کے باہر نامعلوم بندوق برداروں نے گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔ اُسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا ، جہاں اُس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔