سرینگر//شمالی کشمیر میں بانڈی پورہ ضلع کے گریز علاقے میں ہفتہ کو دریائے کشن گنگا سے دو مشتبہ جنگجوﺅں کی لاشیں بر آمد ہوئیں۔
حکام کے مطابق لاشیں کشن گنگا سے ملنگام گاوں میں بر آمد کی گئیں اور ان کے بارے میں مقامی لوگوں نے اطلاع فراہم کی۔
ذرائع کے مطابق لاشوں کے ساتھ ہتھیار اور گولہ بارود بھی موجود تھا اور اُن کے موت کی ظاہری وجہ ڈوبنا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ لاشوں سے چار میگزین،116گولیاں،ایک گرینیڈ،ایک وائر لیس سیٹ اور چار گھڑیاں بر آمد ہوئی ہیں۔
ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک کے مطابق ایک کی شناخت جنگجو کے بطور کی گئی ہے جبکہ دوسرے کی شناخت کیلئے کوشش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کی شناخت سمیر احمد بٹ ولد محمد یوسف بٹ ساکن ڈانگر پورہ پلوامہ کے طور کی گئی ہے جس کے ساتھ اُس کا آدھار کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی تھی اور وہ ایک جنگجو تھا۔
سمیر ایک سال سے لاپتہ تھا اور وہ پیشے سے ایک ڈرائیور تھا۔
ذرائع نے دوسری لاش کی شناخت کے بارے میں بتایا کہ وہ نثار احمد راتھر ولد عزیز احمد راتھر ساکن ڈاڈہ سر ترال کی ہے۔راتھر اگست2019سے لاپتہ تھا ۔
دونوں لاشوں کو سب ضلع اسپتال گریز منتقل کیا گیا ہے۔