بانڈی پورہ // بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں درانداز ی کی کوشش کے دوران 3جنگجوئوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔جمعرات علی الصبح بگتور گریز کے مقام پرحد متارکہ کی محافظت پر مامور فوج کی13سکھ رجمنٹ سے وابستہ اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھی اور علاقہ کو محاصرے میں لیا۔ اس موقعہ پر5سے6 جنگجوئوں کے ایک گروپ کو سرینڈر کرنے کی پیشکش کی گئی جو پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے لگنے والی کنٹرول لائن عبور کرکے اس پار داخل ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔جواب میں جنگجوئوں نے فوج پر زبردست فائرنگ کی جبکہ فوجی اہلکاروں نے بھی مختلف اطراف میں پھیل کر جنگجوئوں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کی۔بعد میں اچانک فائرنگ کا سلسلہ رُک گیا جس کے بعد جنگجوئوں کی تلاش میں وسیع علاقہ کو گھیرے میں لیا گیا اور اسکے لئے فوج اور فورسز کی اضافی کمک طلب کی گئی۔جنگجوئوں نے کئی بار فورسز کا محاصرہ توڑنے کی کوشش کی لیکن انہیں اس کا موقعہ نہیں دیا گیا۔ طرفین کے درمیان شدید گولی باری کا وقفے وقفے سے کئی گھنٹوں تک سلسلہ جاری رہا۔ دفاعی ترجمان لیفٹنٹ کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ اس کارروائی میں تین جنگجو مارے گئے جن کی فوری طور شناخت نہیں ہوسکی۔انہوں نے کہا کہ جب جنگجوئوں کو چیلنج کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کی جس کے بعد فوج نے جوابی کارروائی عمل میں لائی۔ترجمان نے کہا کہ علاقے میں تلاشی کارروائی جاری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ علاقہ میں اگر چہ گولیوں کا تبادلہ رُک گیا ہے لیکن فوج کو خدشہ ہے کہ مارے گئے جنگجو ئوںکے دیگر ساتھیوں نے لائن آف کنٹرول کے متصل گھنے جنگلات میں پناہ لے رکھی ہے۔انہیں تلاش کرنے کیلئے فوج کی مزید کمک کی مدد سے وسیع جنگلات کو گھیرے میں رکھا گیا ہے اور آخری اطلاع ملنے تک تلاشی کارروائی جاری تھی۔قابل ذکر ہے کہ یہ گزشتہ دس دنوں کے اندر گریز سیکٹر میں دراندازی کا دوسرا واقعہ ہے۔اس سے قبل17جولائی کو بگتور کے ہی علاقے میں دراندازی کی کوشش کے دوران دو جنگجوئوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا ۔