عازم جان
بانڈی پورہ // بانڈی پورہ ضلع کے گریز سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ دراندازی کی ایک کوشش کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے دو ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔فوج کے سرینگر میں مقیم چنار کور نے ایکس پر کہا، “جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے دراندازی کی ممکنہ کوشش کے بارے میں فراہم کردہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر، ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے گریز سیکٹر میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا تھا۔”فوج نے کہا کہ چوکس فوجیوں نے مشتبہ سرگرمی دیکھی اور دراندازیوں کو چیلنج کیا، جس کے نتیجے میں ملی ٹینٹوںنے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔فوج نے کہا، “فوجیوں نے موثر فائرنگ کا جواب دیا اور دو ملی ٹینٹوں کو بے اثر کر دیا۔”مقتول ملی ٹینٹوں کی شناخت اور گروپ وابستگی کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے مزید دراندازی کرنے والوں کی موجودگی کو اگرچہ مسترد کیا ہے لیکن علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کیا ہے۔
کپواڑہ
کپواڑہ ضلع میں ڈیوٹی کے دوران ایک فوجی کی موت ہوگئی۔”چنار کور نے ضلع کپواڑہ میں آپریشنل ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے بہادر حوالدار اقبال علی کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کیا ہے، ان کی ہمت اور لگن ہمیشہ ہمیں متاثر کرتی رہے گی”۔فوج نے کہا کہ چنارکور سپاہی کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔فوج نے مزید کہا، “ہم سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی خیریت کے لیے پرعزم ہیں۔”
پلوامہ
سیکورٹی فورسز نے پلوامہ ضلع سے ایک مبینہ ملی ٹینٹ کو گرفتار کیا ، جس پر اس سال کے شروع میں سی آر پی ایف کیمپ پر گرینیڈ حملے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ بدھ کی شام دیر گئے اونتی پورہ تحصیل کے ہاری پاریگام گا ئوں میں تلاشی کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا۔گرفتار مشتبہ شخص کی شناخت ثاقب ریاض گنی کے طور پر کی گئی ہے جو شوپیان ضلع کے چک چولن کا رہنے والا ہے۔اہلکار نے کہا، “وہ 20 مئی 2025 کو لاریار میں سی آر پی ایف کیمپ پر گرینیڈ حملے کا مرکزی ملزم تھا۔”انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول، ایک پستول میگزین اور 7 نائن ایم ایم رانڈز برآمد ہوئے ہیں۔۱