سٹی رپورٹر
سرینگر// وادی میں گذشتہ 2ماہ سے گرمی کی شدید لہر کے بیچ اتوار کو سرینگر میںسجنے والے سنڈے مارکیٹ بھی اثر انداز ہوا ۔وادی کشمیر میں جہاں دن کے دوران سورج آگ اگل رہا ہے تو وہیں سری نگر میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات رواں سیزن کی گرم ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے جب درجہ حرارت24.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سرینگر میںکل دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔شدید گرمی کی وجہ سے لوگوں نے سنڈے مارکیٹ کا رخ نہیں کیا جس کی وجہ سے سنڈے مارکیٹ کا ر و بار متاثر ہوا ۔ٹی آر سی سرینگر سے لیکر لال چوک اور ہری سنگھ ہائی سٹریٹ کے ساتھ ساتھ بٹہ مالو میں اتوار کو حسب معمول صبح سے ہی چھاپڑی فروشوں نے ریڈے لگا کرسنڈے مارکیٹ سجایاتاہم گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے مارکیٹ میںخریداری کا رجحان مدھم رہا۔تاجروں کے مطابق گرمی کی وجہ سے لالچوک سے پولو ویو تک مارکیٹ مندی کا شکار رہا ۔سنڈے مارکیٹ حسب معمول سجایا گیا اورسول لائنز کے ایک وسیع علاقے پولو ویوسے ٹی آر سی اور لال چوک سے لیکر ہری سنگھ ہائی سڑیٹ تک بازار سجا ہو اتھا لیکن خریداروں کا زیادہ رش دکھائی نہیں دیا۔اس کیلئے جاری گرمی کی لہر قرار دی جاسکتی ہے۔چھاپڑی فروشوںنے کہاکہ مارکیٹ میں خریداروں کا رش نہیں تھا۔اکا دکا خریدار ہی آئے اور نسبتا بہت کم بزنس ہوپایا۔چھاپڑی فروشوں کے مطابق پچھلے2ماہ سے وادی میں گرمی کی لہر ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ گھروں سے کم ہی باہرآئے اور سنڈے مارکیٹ کا رخ نہیں کیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ لالچوک سے پولوویو اور اسکے بعد ٹی آر سی گراونڈ تک ایک وسیع وعریض حصے پر ہر اتوار کو بازار سجتا ہے جہاں سستے داموں پر سبھی قسم کے ضرویات کا سامان میسر رہتا ہے۔