محتشم احتشام
پونچھ//پی ایم شری گرلز ہائی اسکول دیگوار-ایم میں فوج نے بہتر مستقبل کے خواہشمند طالبات کے لئے ایک خصوصی کاؤنسلنگ سیشن کا اہتمام کیا گیا، جس کا مقصد لڑکیوں کو ’اگنی ویر‘ اور کمیشنڈ آفیسر کے طور پر فوج میں شامل ہونے کے مختلف طریقہ کار سے روشناس کرانا تھا۔اس سیشن کی رہنمائی بھارتی فوج کے میڈیکل آفیسر کیپٹن سورَو ورما نے کی، جنہوں نے طالبات کے ساتھ تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اہلّیت کے معیار، سلیکشن کے مراحل، تعلیمی ضروریات اور جسمانی فٹنس کے بینچ مارکس پر روشنی ڈالی۔ سیشن کے دوران طالبات نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور اگنی پتھ اسکیم، ٹریننگ، امتحانات اور افسران کے لئے مخصوص داخلہ جات کے حوالے سے متعدد سوالات کئے۔اس موقع پر چندر موہن جگّی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعدد طلبا و طالبات بھارتی فوج میں شامل ہونے کا جذبہ رکھتے ہیں، لیکن اکثر انہیں مکمل معلومات میسر نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی یہ پہل نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور ان کے مستقبل کے حوالے سے صحیح سمت متعین کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔درشن کمار (DRG) اور محمد الطاف نے بھی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہیں محنت، نظم و ضبط اور مسلسل جدوجہد کو کامیابی کی کنجی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معلوماتی سیشن نوجوانوں کے خوابوں کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔آخر میں اسکول انتظامیہ نے بھارتی فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے رہنمائی سیشن نہ صرف طلبہ میں حوصلہ اور اعتماد پیدا کرتے ہیں بلکہ انہیں ملک کی خدمت کے لیے تیار کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔