سرینگر//گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سرینگر میں کل’’ علامہ اقبال اور سائنس‘‘ کے عنوان پر ایک پُر وقارسمینار منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو بطور مہمان ذی وقار موجود تھے۔سمینار میں پرنسپل ایس آئی ای محبوب حسین، چیف ایجوکیشن افسر سرینگر کے علاوہ محکمہ کے افسران مختلف سکولوں کے پرنسپل صاحبان، اساتذہ اور طُلباء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ مقررین نے اس موقعہ پر علامہ اقبال اور سائنس کے موضوع پر مقالات پیش کئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ موجودہ دور میں علامہ اقبال کی شاعری کی اہمیت اور افادیت بہت زیادہ ہے کیوں اُن کی شاعری میں موجودخودی اور اخلاقیات کے درس کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے۔سمینارکے دوران گرلز ہائیر سکینڈری سکول کوٹھی باغ، راجباغ، امیرا کدل، ایس پی ہائیر سکینڈری سکول سرینگر اور جواہر نگر سرینگر کے طُلباء نے علامہ اقبال کے کلام کو قوالی کی صورت میں بھی پیش کیا۔ سیمنار میں دیگر رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔