محتشم احتشام
پونچھ//مرکزی ریزرو پولیس فورس (CRPF) کی 38 ویں بٹالین کی جانب سے ہفتہ کے روز قومی ترانے کی 150 ویں سالگرہ نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ یہ تقریب سرکاری گرلز مڈل اسکول کامسر، پونچھ کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس کی قیادت بٹالین کے سیکنڈ اِن کمانڈ شری ہجاری لال نے کی۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل سردار بلبیر سنگھ اور نائب پرنسپل دانش نے بھی فعال تعاون پیش کیا۔تقریب میں طلباء، اساتذہ اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع کا مقصد قومی ترانے کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا اور نوجوان نسل میں حب الوطنی، اتحاد اور قومی وقار کا جذبہ پروان چڑھانا تھا۔اپنے خطاب میں شری ہجاری لال نے تمام شریک اہلکاروں، طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترانہ صرف ایک گیت نہیں بلکہ ملک کی آزادی کی جدوجہد اور قربانیوں کی علامت ہے، جس نے کروڑوں ہندوستانیوں کو ایک لڑی میں پرویا۔ انہوں نے طلباء اور جوانوں کو پیغام دیا کہ وہ تندرست، باانضباط اور پْرعزم رہیں، کیونکہ جسمانی صحت اور ذہنی مضبوطی ہی قوم کی حقیقی طاقت ہیں۔اس موقع پر اسکول کے پرنسپل اور عملے نے 38 ویں بٹالین سی آر پی ایف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس تعلیمی ادارے کو ایک قومی و تعلیمی تقریب کا حصہ بنایا۔تقریب کا اختتام شکریہ کی ادائیگی اور حب الوطنی کے نغموں کے ساتھ ہوا، جس کے بعد سی آر پی ایف کے اہلکاروں اور طلبہ کے درمیان دوستانہ تبادلہ خیال بھی ہوا۔یہ پروگرام نہ صرف قومی ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع بنا بلکہ عوام اور سلامتی دستوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ایک کامیاب کوشش بھی ثابت ہوا۔