زاہد بشیر
گول// گرلز ہائی سکول سلبلہ میں والدین نے اساتذہ کی شدید قلت کے با وجود ایک ریاضی استاد کو دوسری جگہ منتقل کئے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہا کہ پہلے سے ہی سکول میں اساتذہ کی شدید قلت پائی جا رہی ہے اور تعلیمی معیار گرتا جا رہاہے اور اس کے با وجود سکول انتظامیہ یہاں سے مزید اساتذہ کو دوسری جگہوں پر منتقل کر رہے ہیں جو ہمارے بچوں کے ساتھ کھلواڑ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ یہاں پر کئی سال سے مستقل طو رپر ایک ریاضی ٹیچر اپنا فرض بخوبی انجا م دے رہا تھا لیکن نا معلوم وجوہات کی بناء پر اُسے یہاں سے اُٹھا لیا جس سے مزید اساتذہ کی قلت محسوس ہو رہی ہے ۔مقامی سرپنچ روشن دین لوہار نے اس موقعہ پر کہا کہ پہلے سے ہی سکول میں اساتذہ کی قلت پائی جا رہی تھی لیکن اس کے با وجود یہاں سے ایک استاد کو اٹھایا گیا انہوں نے کہا کہ اگر بچے کی بنیاد ہی کمزور ہو گی تو اوپر جا کر وہ کیا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کافی کوشش رہی کہ ریاضی استاد کو یہاں سے نہ اٹھایا جائے لیکن اس کے با وجود اُس کو یہاں سے اُٹھایا گیا یہ کون سی اتنی بڑی سفارش تھی جو یہاں کے بچوں کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ۔ اس موقعہ پر والدین نے سرکار کو متنبہ کیا کہ جلد از جلد سکول میں اساتذہ کی قلت کو پورا کیا جائے ورنہ ہم سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبو رہوں گے ۔