ادہم پور// گورنمنٹ ڈگری کالج ادہم پور کی گدی سپی سٹوڈنٹس یونین نے آج ایک پر امن احتجاجی ریلی گورنمنٹ ڈگری کالج سے نکالی جو کہ ڈی ڈی سی کے دفتر پر اختتام پذیر ہوگئی جہاں پرگدی سپی ٹرائبس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے کافی تعداد میں کارکنوں اورطلباء نے اپنے مطالبات کے حق میں زرودار احتجاج کیا مظاہرین گورنمنٹ ڈگری کالج ادھم پور میں حال ہی میں مقیم کئے گئے گدی سپی ہوسٹل کو انہیں سپرد نہ کرنے پر ریاستی سرکار اور ضلع انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کررہے تھے ۔ دریں اثناء میڈیا اشخاص کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سردار سنگھ ضلع صدر گدی سپی سٹوڈنٹس یونین ادہم پور نے کہاکہ سال ۲۰۱۵ء میں ریاستی وزیر چوہدری ذوالفقار نے اس ہوسٹل عمارت کاافتتاح کیا تھا لیکن بار بار استدعا کے باوجود بھی یہ ہوسٹل عمارت ڈگری کالج کو نہیں سونپی جارہی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں ضلع اودھم پور کے دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں کے گدی سپی قبیلوں کے طالب علموں کو رہائشی سہولت کے ضمن میں سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہاہے ۔ جی ایس ٹی ڈبلیو اے نے اس موقعہ پر ایم ایل اے ادہم پور اور ایم ایل اے چنہنی کی موجودگی میں اے ڈی ڈی سی کو ایک میمورنڈم پیش کیا ۔