سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کی تحصیل خواص کو گدیوں گائوں سے جوڑنے والی سڑک پر اس وقت ایک سنگین حادثہ پیش آیا جب ریت سے بھرا ایک ٹرک سڑک کے کنارے سے پھسل کر نیچے جاگرا۔ حادثے کی وجہ مسلسل بارش کے باعث مٹی کا کھسک جانا بتایا جا رہا ہے، جس نے پہلے سے ہی خستہ حال سڑک کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔یہ واقعہ نہ صرف مقامی لوگوں کے لئے ایک اور پریشان کن لمحہ ثابت ہوا بلکہ اس سڑک کی بدحالی نے ایک بار پھر عوامی غصے کو ہوا دے دی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک گزشتہ پچیس سالوں سے تعمیر کے انتظار میں ہے لیکن اس پر آج تک مکمل کام نہیں ہوا۔گاؤں کے باشندوں، جن میں اشوک کمار اور دیگر شامل ہیں، نے بتایا کہ یہ سڑک پچھلے 25 سال سے ویسی ہی ہے۔ ہر روز یہاں حادثے ہوتے ہیں۔ آخر کتنی جانیں جانے کے بعد حکام جاگیں گے؟‘‘۔عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کی مبینہ لاپروائی اور غفلت پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم سڑک منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مزید حادثات کو روکا جا سکے۔بارشوں کے موسم میں یہ سڑک مزید خطرناک بن جاتی ہے کیونکہ مٹی نرم ہو کر کھسکنے لگتی ہے اور گاڑیاں باآسانی پھسل جاتی ہیں، جس سے قیمتی جانوں کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ مسلسل نظراندازی کا نتیجہ ہے۔متاثرہ عوام نے متعلقہ محکموں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سڑک کی مرمت اور تعمیر جلد از جلد مکمل ہو۔ انہوں نے ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چوہدری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں سنجیدگی سے قدم اٹھائیں اور اس دیرینہ مسئلے کو حل کریں۔ایک مقامی شخص نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’ہم نے بارہا شکایات کیں، وفود بھی بھیجے، لیکن تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہم جاوید اقبال چوہدری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ خود آ کر حالات کا جائزہ لیں اور سڑک کی فوری تعمیر کروائیں‘‘۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر اب بھی اس مسئلے پر توجہ نہ دی گئی تو وہ سڑک بند کرکے احتجاج پر مجبور ہوں گے۔