سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمدنے ریاسی میں گاﺅ رکشکوں کی جانب سے گجر بکروال خانہ بدوشوں پرمبینہ حملے اور مار پیٹ اورپولیس کی جانب سے کوئی بھی کاروائی عمل میں نہ لانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں میاں الطاف نے کہا کہ جمعہ کے روز ریاسی علاقے میں گجر بکروال خانہ بدوشوں پر کچھ گاﺅ رکشکوں نے حملہ کر کے انہیں شدید مارپیٹ کی جب وہ تلواڈ علاقے سے اپنے مال مویشیوں کے ساتھ جارہے تھے ۔ انہوںنے کہا کہ گاﺅ رکشک سماج میں بد امنی پھیلانا چاہتے ہیں جبکہ پولیس ہاتھ پر ہاتھ دھرے ان کا تماشہ دیکھ رہی ہے ۔میاں الطاف نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمالیاتی پہاڈیوں میں رہنے والے گجر بکروال خانہ بدوشوں اور ان کے مال ومویشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں جبکہ ملوثین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے بھی زور دیا ہے ۔