نیوز ڈیسک
سرینگر// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گجرات یونیورسٹی کے زیر اہتمام کشمیر مہوتسو سے خطاب کیا۔ امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان صدیوں سے بقائے باہمی کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ہم وطنوں بالخصوص نوجوانوں سے ’’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘‘ کے تصور کو زندگی کے منتر کے طور پر اپنانے کی اپیل کی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر بہت سی ثقافتوں کی جگہ ہے اور مادری وطن کے تاج میں ایک ہیرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں رونما ہونے والی تبدیلیاں نہ صرف کشمیر کے بچوں بلکہ پورے ملک کے نوجوانوں کے لیے اہم ہیں۔ شاہ نے کہا کہ پچھلے سال تقریباً 1.80 کروڑ سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیااور کشمیریت اور کشمیری ثقافت سے واقفیت حاصل کر کے واپس گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کشمیر میں بم دھماکے، ہڑتال اور پتھراؤ ہوا کرتا تھا، لیکن آج مودی کی قیادت میں لائی گئی تبدیلیوں کی وجہ سے کشمیر کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتابیں اور لیپ ٹاپ ہیں، ان کے پاس اسٹارٹ اپس کے لیے ایک نئی سوچ اور دنیا کے نوجوانوں کو چیلنج کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔ شاہ نے کہا کہ کشمیر سے دفعہ 370 اور 35A ہٹائے جانے کے بعد پہلی بار جمہوریت نچلی سطح پر پہنچی ہے۔ آج کشمیر کے پنچایتی نظام میں عوام کے 30 ہزار سے زیادہ منتخب نمائندے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 9 سالوں میں وزیر اعظم کی طرف سے لائی گئی ان تبدیلیوں سے پوری قوم خوش ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ امداد باہمی کی وزارت تشکیل دے کر وزیر اعظم ہر ایک گاؤں کو ترقیاتی نظام اور غریب ترین ہندوستانی کو معیشت سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مرکزی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے تین سالوں میں ملک کی دو لاکھ پنچایتوں میں کثیر جہتی پرائمری ایگریکلچرل کریڈٹ سوسائیٹیز (پی اے سی ایس) تشکیل دی جائیں گی جو کہ پنچایتوں کو دیہی ترقی دینے میں نئی جہتیں دیں گی۔ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے بہت سے پلیٹ فارم مہیا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘اسکل انڈیا’ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں کے اندر موجود طاقت اور ہنر کو ایک عالمی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی نئے آئی ٹی آئی میں 4000 نشتیں قائم کی گئی ہیں، 15000 آئی ٹی آئی میں 20 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو 126 شعبوں میں تربیت دی گئی ہے۔ شاہ نے کہا کہ ‘اسٹارٹ اپ انڈیا’ ایک ایسی ہی پہل ہے جس کے تحت 70,000 سے زیادہ اسٹارٹ اپس اپنے ماحولیاتی نظام کو مضبوط کر رہے ہیں، جب کہ 2016 میں ان کی تعداد صرف 724 تھی۔ مرکزی وزیر داخلہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھی اسٹارٹ اپ تحریک کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایل آئی اسکیم کے تحت 12 شعبوں میں 3 لاکھ کروڑ روپے کی نئی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ شاہ نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے ‘پیٹنٹ رجسٹریشن’ کے لیے بھی بہت سی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ یہ ‘آزادی کا امرت مہوتسو’ کا سال ہے اور وزیر اعظم نے 2022 سے 2047 تک کے 25 سالوں کو ‘امرت کال’ قرار دیا ہے۔ اس امرت کال میں ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ آزادی کی صد سالہ تقریب کے موقع پر ہندوستان دنیا کے ہر میدان میں پہلے نمبر پر رہے گا۔