عظمیٰ نیوز ڈیسک
گاندھی نگر// گجرات میں بدھ کو شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھ گئی اور ڈیموں سے پانی نکلنا شروع ہو گیا۔ ریاست کے کئی علاقے زیر آب آگئے اور کئی دیہاتوں کے دنیا سے روابط منقطع ہو گئے۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ بارش سے متعلقہ واقعات میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے اور 800 سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گجرات کے اضلاع وڈودرا، سورت، بھروچ اور آنند میں صبح سے ہی موسلادھار بارش کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے اور حکام کو بعض مقامات پر اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ کچھ علاقوں میں ریل خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ریاستی ریلیف کمشنر آلوک کمار پانڈے نے کہا، ’’گزشتہ 24 گھنٹوں میں گجرات کے کئی حصوں میں شدید بارش کی وجہ سے 8 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ہم نے اس عرصے کے دوران 826 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر، ہم نے ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی 20 ٹیمیں اور نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 11 ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں تعینات کی ہیں۔حکام نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے کے بعد بہت سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ آنند کے ضلع مجسٹریٹ پروین چودھری نے کہا کہ این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم کو کام میں لگا دیا گیا ہے اور انتظامیہ زیر آب علاقوں میں پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوششیں کر رہی ہے۔حکام نے بتایا کہ منگل کو سورت میں شدید بارش کی وجہ سے شہر پانی میں ڈوب گیا تھا اور کئی دیہاتوں کے روابط منقطع ہو گئے، جس سے تقریباً 200 لوگوں کو متاثرہ جگہوں سے نکالنے کی ضرورت پڑی۔ایک اہلکار نے بتایا کہ این ڈی آر ایف اہلکاروں کی ایک ٹیم پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے سورت ضلع کے منگرول تعلقہ کے لمباڈا پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر ضلع میں 132 سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔