عظمیٰ نیوز سروس
احمد آباد//گجرات میں منگل کواچانک ہوئی موسلادھار بارش نے لوگوں کے معمولات زندگی کو درہم برہم کر کے رکھ دیا۔ اس بارش نے نہ صرف 14 لوگوں کی جان لے لی، بلکہ 16 افراد زخمی بھی ہو گئے ہیں۔ ریاست کے الگ الگ مقامات پر ہوئیں ان اموات سے کئی کنبوں میں ماتم والا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بے موسم کی اس بارش نے 26 مویشیوں کی بھی جان لے لی ہے۔ریاست میں موسم گرمیا کے درمیان اس بارش سے مانسون جیسے حالات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ریاست کے 168 تعلقوں میں بارش نے اپنا خاطر خواہ اثر دکھایا ہے۔ 14 مہلوکین میں سے 3 کی موت بجلی گرنے سے ہوئی، جبکہ 4 افراد درخت گرنے سے دب کر ہلاک ہو گئے۔ علاوہ ازیں عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 3، ہورڈنگز گرنے سے 2 اور بجلی کا کرنٹ لگنے سے 2 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ یہ 14 اموات گزشتہ 48 گھنٹوں کے درمیان ہوئی ہیں۔محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق آئندہ 3 دنوں تک بے موسم بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ریاست کے 75 فیصد سے زیادہ حصے میں شدید بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ بارش کو دیکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں یلو اور آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آنے والے وقت میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ 15 اضلاع میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بارش کے سبب پیدا مشکل حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر کرنے سے پرہیز کریں۔ ساتھ ہی طوفان کی حالت میں محفوظ مقامات پر قیام کرنے اور مصیبت کے وقت میں ایمرجنسی آپریشن سنٹر سے رابطہ کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔