نئی دہلی//بی جے پی صدر امت شاہ نے 2019میں ہونے والے انتخابات میں گجرات کی سبھی 26 لوک سبھا سیٹوں کو برقرار رکھنے کا ہدف رکھا ہے، لیکن 2017 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اسے کافی مشکل مانا جا رہا ہے۔اسمبلی الیکشن میں بی جے پی نے 182 میں سے صرف 99 سیٹوں پر ہی جیت درج کی تھی۔ حالانکہ پارٹی کی ریاستی یونٹ کا کہنا ہے کہ وہ 2019 میں سبھی 26 لوک سبھا سیٹوں پر جیت درج کرنے کو لے کر مطمئن ہے۔ ریاستی یونٹ کا ماننا ہے کہ اسمبلی اور لوک سبھا الیکشن الگ الگ مدعوں پر لڑا جاتا ہے۔بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ دو روزہ ’’چنتن شیور‘‘ (دوروزہ غوروخوض اجلاس) کے دوران پارٹی نے 2019 کے الیکشن کی تیاری پر بحث کی۔ یہ میٹنگ احمد آباد میں 25-24 جون کو منعقد کی گئی تھی۔ اختتامی اجلاس میں امت شاہ نے پارٹی کارکنان سے سبھی 26 سیٹوں پر جیت کے لئے سخت محنت کرنے کے لئے کہا تھا۔گزشتہ لوک سبھا الیکشن میں برسراقتدار جماعت نے اپوزیشن کو زبردست شکست دیتے ہوئے ریاست میں سبھی 26 سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔ حالانکہ دسمبر 2017 میں ہوئے اسمبلی الیکشن میں بی جے پی 182میں سے صرف 99 سیٹوں پر ہی جیت حاصل کرسکی تھی۔ یہاں تک کہ موربی، امریلی اور گر سومناتھ جیسے اضلاع میں پارٹی کا کھاتہ بھی نہیں کھلا تھا۔بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ اجلاس کے دوران شاہ نے پارٹی لیڈروں سے مرکز میں نریندر مودی اورگجرات میں وزیراعلیٰ وجے روپانی کی قیادت والی حکومت کے ذریعہ کئے گئے ’’اچھے کاموں‘‘ کے بارے میں لوگوں کو واقف کرانے کا حکم دیا۔