نئی دہلی// کانگریس کے نو منتخب صدر راہل گاندھی نے گجرات کے آخری مرحلے کے پولنگ سے ایک دن قبل پارٹی کی جیت کے تئیں اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ الیکشن یک طرفہ اور بھارتیہ جنتا پارتی کے لئے چونکانے والا ثابت ہوگا۔اگلے چند دنوں میں کانگریس کی کمان سنبھالنے جارہے مسٹر گاندھی نے آج ایک چینل کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ گجرات کے لوگوں میں بی جے پی کے تئیں کافی غصہ ہے اور وہاں لوگوں کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے ۔ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے لوگوں کو کوئی ویزن نہیں دے پائے اس لئے یہ الیکشن یک طرفہ ہوں گے اور بی جے پی کے لئے چونکانے والے ہوں گے ۔اس الیکشن میں کانگریس کے لئے کافی زبردست مہم چلانے والے مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ریاست کے ہر طبقہ سے پوچھ کر اپنا انتخابی منشور تیار کیا اور ریاست کو ایک ویزن دیا جو یہاں کے عوام کا بھی ویزن ہے ۔انتخابی مہم کے دوران مسٹر مودی کے ذریعہ سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ پر کئے گئے تبصرہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے جو کہا ہے وہ وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر سنگھ نے اچھا جواب دیا ہے کہ وہ ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پوری زندگی ملک کے لئے کام کیا ہے ۔ مسٹر مودی کے بارے میں مسٹر منی شنکر ایر کے تبصر کے سلسلے میں کانگریس رہنما نے کہا کہ وہ واضح پیغام دے چکے ہیں کہ وزیر اعظم ملک کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس عہدہ کا احترام ہونا چاہئے ۔