سرینگر//گبرہ کرناہ میں اُس وقت لوگوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا جب انہیں پہلی بار موبائل سروس فراہم کی گئی۔مقامی لوگوں نے ان کوششوں کےلئے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور مقامی ایم ایل سی جاوید احمد مرچال کا شکریہ ادا کیا ۔منگل کو مقامی آبادی کی یہ دیرینہ مانگ پوری ہوئی جس کو لیکر گبرہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے جشن منایا اور دن بھر لوگ اپنے اپنے موبائل ہاتھوں میںلیکر ایک دوسرے کو فون کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔گبرہ کے ایک شہری محمد ادریس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گبرہ میں قریب 70فیصد لوگوں کے پاس موبائل فون تھے لیکن فون کال نہ ہونے کی وجہ سے بےکار پڑے تھے لیکن منگل کو جونہی مواصلاتی کمپنی ائرٹیل کے موبائل ٹاور نے کام کرنا شروع کیا تو لوگوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا ۔مقامی لوگوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور مقامی ایم ایل سی جاوید احمد مرچال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کی کوششوں کی بدولت انہیں یہ سہولت فراہم کی گئی۔