سرینگر // نوجوان کی موت کے ذمہ دار ڈرائیور کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے باغ جوگی لنکر رعنا واری کے لوگوں نے نہرو پارک پولیس سٹیشن کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے ۔21سالہ شبیر احمد پحتو کو 27اپریل کے روز سڑک حادثہ پیش آیا جب ایک نامعلوم گاڑی نے اُسے ڈلگیٹ کے نزدیک ٹکر مار دی ۔باغ جوگی لنکر رعنا واری سے آئے لوگوں نے اس دوران سڑک کو بند کر کے ملزم ڈرائیور کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے کہا کہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی ہے ،تاہم گاڑی کا رجسٹریشن نمبر دستیاب نہیں ہے ۔مظاہرین پولیس سے مطالبہ کر رہے تھے کہ ملزم کو گرفتار کر کے کڑی سے کڑی سز دے ۔ایس پی ایسٹ شیخ فیصل قیوم نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ معاملہ ٹکر مار کر بھاگ جانے کا ہے ، انہوں نے کہا کہ پولیس کو مجرم کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل کا استعمال کرنے کو کہا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کیس کی چھان بین کر رہی ہے اور ملزم جلد سلاخوں کے پیچھے ہو گا ۔