راجوری //راجوری کی تاجر برادری نے حکام کی طرف سے پرانے بس اڈہ کی طرف جانے والی گاڑیوںپرروک لگانے کے خلاف احتجاج کا انتباہ دیاہے ۔اس سلسلے میں تاجروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں دکانداروں نے حصہ لیا ۔اس موقعہ پر تاجر وں نے کہاکہ حال ہی میں انتظامیہ کی طرف سے گاڑیوں کی نقل و حرکت سے متعلق ایک حکم جاری کیاگیاہے جس میں بتایاگیاہے کہ مال بردار گاڑیاں پرانے بس اڈہ کی طرف صبح آٹھ بجے سے لیکر شام آٹھ بجے تک نہیں جاسکیں گی ۔انہوںنے کہاکہ یہ حکمنامہ ان کے ساتھ ناانصافی ہے اور انتظامیہ ٹریفک جام کا کوئی مستقل حل نکالنے کے بجائے لوگوں کی مشکلات میں اور ہی اضافہ کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ گاڑیوں پرروک لگائے جانے سے ان کے کاروبار پر اثرپڑے گا جو ناقابل برداشت ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ اگر انتظامیہ نے اس فیصلے کو واپس نہیں لیاتو وہ غیر معینہ مدت تک ہڑتال شروع کردیںگے ۔