محمد تسکین
بانہال// جمعرات اور جمعہ کی درمیانی جموں سرینگر فورلین شاہراہ پر قصبہ بانہال کے کھارپورہ علاقے میں غالباً کسی نامعلوم گاڑی کی زد میں آنے سے ایک نامعلوم شخص کی موت واقع ہوگئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات بارہ بجے اطلاع موصول ہوئی کہ کھارپورہ کے نزدیک جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ایک نامعلوم کی مسخ شدہ لاش پڑی ہوئ ہے اور فوری طور پر پولیس اور بانہال والنٹیرس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نامعلوم شخص سڑک کے بیچ میں گرا تھا اوپر سے مسلسل گزر رہی گاڑیوں کی وجہ سے اس کی لاش مکمل طور سے مسخ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال پولیس اور رضاکاروں نے سڑک پر چپکی اس لاش کے ٹکڑے ٹکڑے جمع کرکے انہیں صبح چار بجے ہسپتال منتقل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پورے بانہال میں اس بارے میں خوب تشہیر کی گئی اور پولیس تھانوں کےذریعے اس نامعلوم شخص کے بارے میں اطلاع کو پہنچایا گیا لیکن ابھی تک اس کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ نامعلوم شخص دماغی توازن کی خرابی کا شکار دکھائی دے رہا ہے تاہم پولیس نے ایک کیس درج کرکے اس معاملے کی مزید جانچ پڑتال شروع کر دی ہے ۔