ریاسی// ملک کے دوسرے حصوں میں گائو رکھشا کے نام پر کی جانے والی غنڈہ گردی کا سلسلہ جموں صوبہ تک پہنچ گیا ہے۔جمعہ کی شام ریاسی قصبہ سے چند کلو میٹر دور تلواڑا کے زیرو موڑ علاقہ میں خود ساختہ گائو رکھشکوں نے بکروالوں پرحملہ کر کے 9سالہ بچی سمیت6افرادکوزخمی کردیا جن میں نسیمہ بیگم ، عابدہ بیگم، نزاکت علی اور صابر علی شامل ہیں۔شر پسند بکروالوں کے مویشی لیکر بھی فرارہوگئے ۔ چوکی افسر تلواڑہ سب انسپکٹر جسوندیر سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اگر چہ پولیس نے ملزمان کی شناخت کر لی ہے تاہم ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے، البتہ چھینے گئے مویشیوں کوبرآمدکرکے مالک کے حوالہ کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بچے کے لاپتہ ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ بچہ مل گیا ہے۔ ایس ایس پی ریاسی طاہر سجاد نے بتایا کہ متاثرہ ایک خاتون کا بیان لیا گیا جس میں اس نے حملہ آوروں کی شناخت کی ہے جن کی قیادت شنکارا سنگھ ولد کھجور سنگھ کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے خصوصی دستے تشکیل دئیے گئے ہیں اور توقع ظاہر کی کہ جلد ہی تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔اس سے قبل شدید طور پر زخمی افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا تو انہوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وہ اپنے مال مویشی لیکرجارہے تھے کہ اچانک سامنے سے آنے والے ایک گروپ نے انہیں روکا اوربغیرکچھ کئے سنے انہوںنے ہمیں مارناپیٹناشروع کردیا۔خواتین نے دعویٰ کیا کہ ان کی بے حرمتی کرنے کی بھی کوشش کی گئی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں ۔ حملہ آ ٓورہماری16گائے اورکتوں کوبھی لے گئے ۔ پولیس سربراہ ڈاکٹرایس پی وید نے غنڈوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات دیتے ہوئے واضح کیاہے کہ کسی بھی معاملے میں کسی بھی شخص یاگروپ کوقانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔