فیاض بخاری
بارہمولہ // بارہمولہ کے گانٹہ مولہ بونیار علاقے میں اتوار کو اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایل جے ایچ پی نہر میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ڈوب گئے ہیں۔ان میں سے ایک کم عمر لڑکے کی لاش برآمد ہوئی جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں اور ایک کو بچا لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ڈوبنے والے افراد کی شناخت 31 سالہ سید محمد الیاس گیلانی ولد مفتی عبدالرحیم گیلانی ساکن توحید گنج بارہمولہ،40 سالہ مہناز رشیدشاہ ولد عبدالرشید شاہ ساکن خانیار سرینگر، 12 سالہ احمد بن خالد ولد خالد معراج شاہ ساکن حیدر پورہ سرینگر اور 13 سالہ ابراہیم بن شوکت ولد شوکت شاہ ساکن نارکارہ بڈگام ایک کی خاندان کے تھے اور پکنک پر آئے تھے۔پولیس نے کہا کہ ایک کم عمر لڑکے کا پیر پھسل گیا، اور خاندان کے دیگر تین افراد نے انہیں بچانے کے لیے چھلانگ لگائی لیکن وہ بھی ڈوب گئے۔ اس دوران وہاں موجود ایک مقامی شخص نے جہلم میں چھلانگ لگائی اور سید محمد الیاس گیلانی کو بچانے میں کامیاب ہوگیا۔ تاہم 13سالہ ابراہیم کی لاش بونیار میں پاور کنال سے برآمد کی گئی جبکہ باقی دو کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ بچائے گئے شخص کو طبی امداد کے لیے ہیلتھ سینٹر شیری اور اسکے بعد جی ایم سی بارہمولہ منتقل کیا گیا ہے۔ ابھی تک دو افراد لاپتہ ہیں، جس سے مقامی پولیس، ایس ڈی آر ایف ٹیموں اور رضاکاروں پر مشتمل بڑے پیمانے پر تلاش اور بچاؤ کی کوششیں شروع ہو رہی ہیں۔ایس ایچ او بونیار نے واقعے کی تصدیق کرتے کہا کہ آپریشن جاری ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔