گاندربل//گاندربل کے کئی علاقوں میںہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی میں بجلی کی ابتر صورتحال سے ناراضگی پائی جارہی ہے۔گاندربل سے ملحقہ علاقے بارسو،کرہامہ،ینگورہ،مانسبل،گرٹہ بل،کوندہ بل،لارسن،تھیورو،ڈانگر پورہ سمیت دیگر علاقہ جات میں بجلی کی عدم فراہمی کی ابتر صورتحال سے مقامی آبادی نالاں ہے۔مقامی آبادی کے مطابق ان علاقوں میں شیڈول کے مطابق بجلی سپلائی فراہم نہیں کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند منٹوں کے لئے بجلی فراہم کی جاتی ہے اور گھنٹوں غائب ہوتی ہے۔ینگورہ کے مقامی شہری نذیر احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ’’محکمہ بجلی شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کرتا بلکہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف چند ہی گھنٹوں تک ہی سپلائی فراہم کی جاتی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ سردیوں کے ان ایام میں دوران شب مکمل طور پر بجلی سپلائی بند رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی بار اعلیٰ حکام سے اس بارے میں اپیل کی گئی لیکن صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔