گاندربل//گاندربل پولیس نے قتل کا ایک معمہ حل کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کرلیا ہے ۔ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 31 مئی کو غلام احمد کھانڈے ساکن نیو کالونی شالہ بگ نے اپنے 45 سالہ بیٹے محمد یوسف کھانڈے کی گمشدگی رپورٹ تھانے میں درج کرائی ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے تحقیقات شروع کی تو پتہ چلا کہ محمد یوسف کھانڈے 31 مئی جمعرات کو گھر سے اے ٹی ایم پر روپے نکالنے کی خاطر نکلا تھااوراے ٹی ایم سے 13500 روپے نکالنے کے فوراً بعد اس کا موبائل فون بند ہوگیااوردوسرے دن اس کا موبائل فون ضلع پلوامہ سے برآمد ہوا۔ایس ایس پی نے کہا کہ 2 جون سنیچر کو محمد یوسف کھانڈے کی لاش ژھندنہ اور شالہ بگ کے درمیان کھیت سے برآمد ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کر نے کے بعد ڈی ایس پی عاشق حسین کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے صرف بارہ گھنٹوں کے دوران قتل کا معاملہ حل کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دوران تفتیش کچھ افراد کو پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا گیاجنہوں نے آخری مرتبہ مقتول محمد یوسف کو فون کیا تھا ان میں سے محمد شفیع ماگرے ولد محمد صدیق ساکن ژھندنہ گاندربل نے تفتیش کے دوران قبول کیا کہ اسی نے محمد یوسف کو 80 ہزار روپے کی خاطر قتل کیا تھا۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ مقتول نے قاتل کو 80 ہزار روپے قرض دیا تھا اور واپس دینے میں لیت و لعل کررہا تھا۔ایس ایس پی فیاض نے کہا کہ 31 مئی کو مقتول نے قاتل کو اے ٹی ایم جاتے ہوئے فون کیا اور پیسوں کا تقاضا کیا تو محمد شفیع (قاتل)نے جواب میں کہا تھا کہ آج ہی وہ 80 ہزار ادا کردے گا۔اس دوران محمد یوسف نے اے ٹی ایم سے 13500 روپے نکالے اور محمد شفیع کو ایک مرتبہ پھرفون کیااوراس دفعہ محمد شفیع نے کہا ’میں کھیت پر ہوں ،آپ یہیں آجائواور اپنے پیسے لے لو‘۔وہاں پہنچ کے محمد شفیع نے کہا ’’میرے پاس نقد رقم نہیں ہے البتہ چیک ہے لیکن مجھے لکھنا نہیں آتا ہے ،آپ چیک پر 80 نہیں بلکہ 90 ہزارلکھو‘‘۔ایس ایس پی کے مطابق محمد یوسف جیسے ہی چیک لکھنے نیچے بیٹھ گیا تومحمد شفیع ماگرے نے ڈنڈے سے اس کے سر پر پے درپے وار کئے جس سے وہ بے ہوش ہوکر گرپڑا۔جس کے بعد ایک بڑا پتھر اس کے سر پرمارا جس سے محمد یوسف کی موت واقع ہوگئی اور پھر لاش گھاس کے ڈھیر میں چھپا دی اور قتل کے سراغ دوسری جانب ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے مقتول کا موبائل فون پلوامہ لے جاکر پھینک دیا۔ایس ایس پی نے کہا کہ انہوں نے موبائل فون،جائے واردات سے قتل میں استعمال کیا گیا ڈنڈا اور پتھراورمقتول کے 13500 روپئے برآمد کرلئے۔معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 33/2018 درج کیا ہے اور بہت جلد عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا۔