گاندربل+اننت ناگ // گاندربل میں مشتبہ جنگجوئوں کے ایک گرینیڈ حملے میںفورسز کے ایک افسر سمیت 4اہلکار اور بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر واکورہ زخمی ہوئے۔ ادھر نیوہ پلوامہ کے نزدیک پر اسرار ہوائی فائرنگ ہوئی جبکہ کولگام میں ایس پی او رائفل لیکر فرار ہوا ۔توحید چوک دودہرہامہ گاندربل میں نامعلوم مسلح افراد نے 118 بٹالین سی آر پی ایف پر دستی بم سے حملہ کردیا ۔ یہاں فورسز نے ایک عارضی بنکر بنارکھا ہے جس میں دن بھر فورسز اہلکار تعینات رہتے ہیں۔بدھ 4 بجکر 30 منٹ پر مذکورہ بنکر پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کردیا جو نشانہ چوک کر سڑک کے کنارے پھٹ گیا ۔ اس کے آہنی ریزوں کی زد میں آکر بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر واکورہ سید نصر اللہ اور4 فورسز اہلکار اسسٹنٹ سب انسپکٹر نتبل سنگھ، کانسٹیبل آنند مل،منوج سپاہی، اور ہیڈکانسٹیبل آر این منوجن زخمی ہوئے۔مضروبین کو میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کر دیا گیا۔جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
دستی بم پھٹنے کے ساتھ ہی بازار میں افراتفری پھیل گئی۔ اس موقع پر دکانداروں نے دوکانیں بند کرکے محفوظ مقامات کی راہ لی۔ ایس ایس پی گاندربل خلیل پسوال فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئے،جس کے ساتھ ہی علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشیاں لی گئیں تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ ایس ایس پی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ نامعلوم افراد نے قمریہ پارک کی جانب سے توحید چوک میں موجود بنکر پر دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ادھر بدھ کی شام نارہ بل نیوہ کے درمیان ہوا میں کچھ فائر کئے گئے جس کے بعد نیوہ علاقے میں فورسز کی نقل و حرکت بڑھا دی گئی۔ لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ فائرنگ کا کیا مقصد تھا۔ادھرکولگام میں ایک ایس پی او اپنی سروس رائفل سمیت لاپتہ ہوگیا ہے ۔پولیس کے مطابق ذاکر حُسین ملک ولد محمد سکندر ساکن یاری پورہ کولگام بیلٹ نمبر967Aمنگل سے اپنی سروس رائفل سمیت لاپتہ ہے ۔پولیس نے کہا ہے کہ لاپتہ اہلکار کو تلاش کرنے کی کوشش جاری ہے ۔