گاندربل//کھیل کود اور تکنیکی تعلیم و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر مولوی عمران انصار ی نے کہا کہ حکومت تکنیکی تعلیم کو بڑھاوا دینے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایسا کرنے سے ریاست میں بے روزگاری کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے ۔وزیرموصوف ہتبورہ گاندربل میں پالی ٹینیک کالج کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ایم ایل اے شیخ اشفاق جبار، سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس و تکنیکی تعلیم ہلال احمد پرے ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن شبنم کاملی ، ایڈیشنل ڈی ڈی سی گاندربل نذیر احمد بابا اور کئی افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی بہبودی کے لئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں کئی اختراعی اقدامات شروع کئے جاچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کالج عمارت کو 13کروڑ روپے کی لاگت سے ڈھائی سال کی ریکارڈ مدت میں تعمیر کیا گیا ہے اور اس میں ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہے ۔انہوں نے سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سے کہا کہ وہ کالج احاطے میں ایک باسکٹ بال ، والی بال کورٹ قائم کریں ۔اُنہوں نے فوری طور سے 100کے وی جنریٹر نصب کرنے کی ہدایات دیں تاکہ کالج میں گرمی کا انتظام کیا جاسکے ۔مولوی عمران رضا انصاری نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو پہلے ہی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئی ٹی آئی گاندربل کے لئے 15کنال اراضی الاٹ کریں۔