گاندربل// گاندربل میں مرکزی سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث لوگوں اور دوکانداروں میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے.بیہامہ سے دودرہامہ تک صرف 2کلو میٹر سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہونے سے بارش کے دوران تالاب کی شکل اختیار کرتی ہے اور دھوپ میں گاڑیوں کے چلنے سے گرد و غبار مختلف بیماریوں کو دعوت دیتا ہے۔ لوگوں کے نے اس سلسلے میں کشمیر عظمی کو بتایا کہ بیہامہ ،جہاں سے گاندربل ٹاو¿ن شروع ہوتا ہے ،سے لیکر قمریہ چوک دودھرہامہ تک دو کلومیٹر کے رابطہ سڑک جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں ۔ضلع کی تمام سڑکوں کی حالت بد سے بدترین بن چکی ہیں اور میگڈم کب ڈالا جائے گا ،معلوم نہیں لیکن بی ہامہ سے لیکر دودھرہامہ تک دو کلو میٹر رابطہ سڑک کو ٹھیک کرنے کے بارے میں ضلع انتظامیہ کوئی قدم نہیں اٹھارہے ہیں جبکہ روزانہ اس سڑک سے وزیر،مقامی ممبران اسمبلی،ضلع انتظامیہ کے اعلی حکام گزرتے ہیں۔گاندربل ٹریڈرس یونین کے صدر نے اس ضمن میں کہا کہ اس سلسلے میں ہم نے ضلع انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی سے کئی مرتبہ اس جانب توجہ مبذول کروائی گئی لیکن حالت میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اگرچہ ہم نے یہ بھی کہا تھا کم از کم ان گہرے کھڑوں کی بھرپائی کی جائے۔اس بارے میں جب ڈپٹی کمشنر گاندربل طاریق حسین گنائی سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ چند دن کے اندر اندر بی ہامہ سے دودھرہامہ تک سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔