سرینگر//جموں کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے بدھ کے روز بتایا کہ گاندربل میں گذشتہ روز جو جنگجو جاں بحق ہوگیا وہ حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر ریاض نائیکو کا قریبی ساتھی رہ چکا تھا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ جنگجو بالائے زمین سرگرم رہنے کے بعد کچھ ماہ قبل ہی جنگجوﺅں کی صف میں باضابطہ طور شامل ہوا تھا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق ننرگاندر بل واقعہ میں جاں بحق پولیس اہلکار الطاف حسین کی میت پر گلباری کرنے کی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے دلبا غ سنگھ نے کہا ”گذشتہ شام ننر گاندر بل میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر غلام قادر پر جنگجوﺅں کے حملے میں غلام قادر کا ایک محافظ الطاف حسین مارا گیا۔اُس نے تاہم ایک حملہ آور جنگجو کو مار گرایا“۔
پولیس سربراہ نے کہا کہ مارا گیا مذکورہ جنگجو حزب المجاہدین کے سابق آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو کا قریبی ساتھی رہ چکا تھا۔انہوں نے مذکورہ جنگجو کی شناخت شبیر احمد ساکن اونتی پورہ کے طور کرتے ہوئے کہا کہ وہ نائیکو کیلئے بالائے زمین کارکن کی حیثیت سے سرگرم تھا اور اس نے کچھ ماہ قبل ہی باضابطہ طور جنگجوﺅں کی صف میں شمولیت اختیار کی تھی اور حزب سے وابستہ تھا۔پولیس سربراہ نے کہا”شبیر کو بھاجپا لیڈر غلام قادر کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی“۔
جب پولیس سربراہ سے پوچھا گیا کہ جنوبی کشمیر سے ایک جنگجو کیسے گاندر بل پہنچا تو انہوں نے کہا کہ جنگجوﺅں کیلئے ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک پہنچنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ وہ ہائی وے کی نگرانی مزید بڑھانے کیلئے کئی اقدامات کررہے ہیں۔