عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ اور گاندربل کے ایم ایل اے عمر عبداللہ نے حلقہ انتخاب کے ترقیاتی فنڈ (سی ڈی ایف) کے تحت گاندربل حلقے میں مختلف ترقیاتی اقدامات کے لیے کل 377.10 لاکھ روپے کو منظوری دی ہے۔ منظور شدہ فنڈز کا مقصد شہری انفراسٹرکچر، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور کمیونٹی سروسز کو مضبوط بنانا ہے۔فنڈ کا ایک بڑا حصہ، 67 لاکھ، ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں اعلیٰ درجے کے الٹراساؤنڈ سسٹم کی خریداری کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ صحت کی دیکھ بھال کے علاوہ، منظور شدہ فنڈز کا استعمال تعلیمی انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کیا جائے گا، جس میں اسکول کی عمارتوں کی تزئین و آرائش، لیبارٹری کے آلات کی فراہمی، اور ڈیجیٹل سیکھنے کی سہولیات میں بہتری شامل ہے۔ ترقیاتی پیکج میں شہری سہولیات اور شہری انفراسٹرکچر کے لیے مختص رقم بھی شامل ہے، جس میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت، نکاسی آب کا مناسب نظام، اور مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹنگ شامل ہے۔وزیر اعلیٰ نے ان فنڈز کی منظوری دیتے ہوئے موثر عملدرآمد اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیا۔ عمر عبداللہ نے کہا، “ہماری توجہ گاندربل کے لوگوں کو ٹھوس فوائد پہنچانے پر مرکوز ہے۔ ان فنڈز کا مقصد زمینی سطح پر حقیقی تبدیلیاں لانا اور ہمارے رہائشیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے،” ۔