گاندربل//جموں وکشمیر بنک،ریورل سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹچیوٹ گاندربل کے اہتمام سے پرائم منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام اختتام پذیر ہوا جس میںضلع کے 68بیروزگار نوجوانوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے زیر تربیت صنتکاروں کو تربیتی پروگرام سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت دی اور انہیں اپنے صنعتی یونٹ قائم کرنے پر زوردیا جس کے لئے مالی اداروں کی طرف سے بھرپور مالی معاونت فراہم کی جاسکتی ہے۔تربیت پانے والے نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر نے منافع بخش کاروباری یونٹ قائم کرنے کےلئے نوجوانوں کے جوش وجذبے پر خوشی کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر آر ایس ای ٹی آئی منظور حسین ہمدانی نے کہا کہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا اورخود روزگار کا رحجان پیدا کرنا انسٹچیوٹ کا مشن ہے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر گاندربل نے 68کامیاب تربیت یافتگان میں اسناد تقسیم کیں اور اپنے روزگار یونٹ قائم کرنے کے لئے انہیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔