گاندربل/گاندربل کی بیشتر علاقوں کی اندرونی رابط سڑکوں کی ناگفتہ بہہ حالت پر لوگوں میں شدید غم و غصہ اور ناراضگی پائی جارہی ہے۔دودرہامہ سے سالورہ تک ڈیڑھ کلو میٹر سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن تھرڈ کے دفتر واقع دودرہامہ سے لیکر سالورہ جامع مسجد تک،جامع مسجد سے سڑک دو سمتوں کی جانب مڑتی ہے ایک باغو رام پور جبکہ دوسری جامع مسجد سے بملورہ کی طرف مکمل طور پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے سڑک پر موجود ہیں،سڑک پر سفر کرنا مقامی آبادی اور ٹرانسپورٹروں کیلئے وبال جان ہے ۔ بیہامہ سے لیکر سالورہ تک سومو سروس چل رہی ہے لیکن ڈرائیور دودرہامہ سے لیکر سالورہ تک گاڑیاں چلانے سے کتراتے ہیں۔ایک شہری جاوید احمد وانی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ"سالورہ گاؤں پورے ضلع گاندربل میں اپنی الگ پہچان بنائے ہوئے ہے لیکن ہر دور حکومت میں سیاسی رسہ کشی کا شکار ہونے سے تعمیر و ترقی کے لحاظ سے نظرانداز کردیا گیا ہے ،آٹھ سال قبل ڈیڑھ کلومیٹر لمبی سڑک پر میکڈیم بچھایا گیا تھا تب سے لیکر آج تک نہ ہی مرمت کی جاسکی اور نہ ہی میکڈیم بچھانے میں کوئی پیش رفت کی جارہی ہے "کشمیر عظمی نے جب مقامی ممبر اسمبلی شیخ اشفاق جبار سے معاملے کی نسبت بات کی تو انہوں نے کہا کہ گاندربل میں سڑکوں کی مرمت اور میکڈیم بچھانے کا کام مرحلہ وار کیا جارہا ہے ۔