گاندربل//گاندربل قصبے میں فٹ پاتھوں پر دوکانداروں، چھاپڑی فروشوں اور گاڑیوں کا قبضہ جمانے سے راہ گیروں کوپیدل چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔بیہامہ سے قمریہ چوک دودرہامہ تک ایک کلومیٹر لمبے فٹ پاتھ پر دوکانداروں،چھاپڑی فروشوںاور سومو گاڑیوں، لوڈ کیرئیر والوں کی جانب سے ڈیرہ ڈالنے کی وجہ سے پیدل چلنے والے افراد کو مشکلات درپیش ہیں۔کئی شہریوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ بیہامہ سے قمریہ چوک دودھرہامہ تک دوکانداروں نے فٹ پاتھ پربھی اپنی دوکانیں سجائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی بیہامہ سے لیکر دودھرہامہ تک ٹاٹا سومو،لوڈ کیرئیر والوں نے درجن بھر سٹینڈ قائم کئے ہیں۔دودھرہامہ کے سجاد احمد نے کہا کہ ہسپتال سڑک پر چلنے کے لئے جگہ ہی نہیں ہے اور جہاں بھی دیکھیں تین سے چار ٹاٹا سومو یا آٹو لوڈ کیرئیر والوں نے جگہ جگہ اڈے قائم کئے ہوئے ہیں ۔اس بارے میں میونسپل کمیٹی گاندربل کے ایگزیکٹو آفیسر سیدمتین احمدنے بتایا ’’ ہم پچھلے چند روز سے فٹ پاتھ صاف کررہے ہیں اورایک دو روز میںیہامہ سے لیکر دودھرہامہ تک فٹ پاتھ خالی کئے جائیں گے‘‘۔